اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف قومی اسمبلی میں نہیں آئے، اپوزیشن نے آج پھر واک آؤٹ کر دیا، خورشید شاہ کہتے ہیں وزیر اعظم ایوان میں آکر بات کریں اپوزیشن ادب سے سنے گی۔
پرویز رشید کا کہنا ہے، اپوزیشن نے پہلے کمیشن بنانے کا کہا، اب ایوان میں بلانے کی ضد کر رہی ہے وزیر اعظم جمعے کو ایوان میں آئیں گے۔ وزیر اعظم قومی اسمبلی میں آئیں اپوزیشن کا اصرار، وزیراطلاعات سے تکرار، ایک بار پھر ایوان کا واک آؤٹ کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن آئی بھی اور چلی بھی گئی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں وزیر اعظم ایوان میں آکر اپنے اثاثوں اور ٹیکس کی تفصیلات بیان کریں ادب سے سنیں گے۔ اپوزیشن متفق ہے کہ وزیر اعظم ایوان میں آئیں گے تو ہم بھی دوڑتے ہوئے پہنچیں گے۔ اس وقت تک واک آؤٹ جاری رہے گا۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے وزیر اعظم نے اپوزیشن کے اصرار پر کمیشن بنانے کا عمل شروع کیا اب یہ ضد کر رہی ہے۔
وزیر اعظم ایوان میں آنے سے نہیں گھبراتے، ابھی مصروف ہیں جمعے کو آئیں گے۔ اس سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں طے پایا کہ پاناما لیکس پر وزیر اعظم کے پارلیمنٹ میں نہ آنے تک احتجاج جاری رہے گا۔