کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے پٹرول کے نرخوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کو عوام سے نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران طبقہ ہمیشہ عالمی منڈی کے مطابق پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے تو پھر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے اجتناب کیا معنی رکھتا ہے۔
گجراتی سرکار نے مزید کہا کہ 5 روپے کمی کے باوجود عوام پٹرول پر 24.98 روپے اور ڈیزل پر 37.57 روپے فی لٹر ٹیکس دینے پر مجبور ہوں گے جو مخصوص و محدود استحصالی طبقات کو نوازنے کیلئے عوام کو ذبح کرنے کے مترادف اور اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران طبقہ پوری قوم کی دولت چند محدود خاندانوں کی تجوریوں میں منتقل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم مہنگائی میں زندہ درگور ہوتے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے نام پر احسان کر رہے ہیں۔
جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں اور ملک میں پٹرول مہنگا کرکے مہنگائی کا طوفان لانا حکومت اپنا فریضہ گردانتی ہے تو پھراب پٹرولیم مصنوعات میں کمی ہوئی ہے اس کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں‘ گاڑیوں کے کرایہ میں کمی ہونی چاہئے‘ سبزیوں اور روز مرہ استعمال کی اشیاءبھی سستی ہونی چاہئیںوگرنہ عوام حکمرانوں کے خلاف جلد سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔