پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیردفاع پرویزخٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے کمی کرنےکا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے جس میں وہ روس اوریوکرین تنازع پربات کریں گے جب کہ معیشت اورعالمی چیلنجز پرقوم کواعتماد میں لیں گے۔
تاہم خیبر پختونخوا کے علاقے نوشہرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے بلند و بانگ دعوے کردیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پٹرول 10 روپے سستا کرنے کا اعلان کریں گے۔ پرویز خٹک نے بتایا کہ اس کے لیے حکومت 250 ارب روپے کی سبسڈی دے گی جس سے پیٹرول سستا ہوجائے گا اور 4 ماہ تک دوبارہ قیمت میں اضافہ نہیں ہو گا۔
پرویز خٹک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت بھی 5 روپے کم کی جائے گی۔ لیکن پرویز خٹک کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوگیا اور بجلی کی قیمت کم کیا ہوتی بلکہ الٹا اس میں 5 روپے فی یونٹ مزید اضافے کا اعلان کردیا گیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آج بجلی کی قیمت میں 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔