اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کی بھجوا ئی تھی جسے وزیراعظم نوازشریف نے مسترد کردیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری کو مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے سے حکومت کو 8 ارب کا نقصان ہوگا جسے عوام کی خاطر برداشت کرنے کو تیار ہیں۔
اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی گئی سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 41 پیسے، پیٹرول 3 روپے، لائٹ ڈیزل ایک روپیہ 34 پیسے ، مٹی کا تیل ایک روپیہ 16 پیسے جب کہ ہائی آکٹین کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔