وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، الطاف حسین کے حوالے سے صورتحال پرغور

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں لندن میں الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے کے بعد کی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کی حراست کا معاملہ قانونی ہے، وفاقی حکومت الطاف حسین کے معاملے پر قانونی و اخلاقی معاونت کر رہی ہے، پارٹی عہدے دار بیانات دیتے وقت میری ہدایات کو پیش نظر رکھیں، گورنر سندھ نے رابطہ کر کے وفاقی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے یقین دلایا ہے کہ کراچی میں امن برقرار رکھنے کیلئے صبر کا دامن نہیں چھوڑا جائے گا۔ اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وفاق امن و امان کے لیے سندھ حکومت کو ہرممکن معاونت فراہم کرے گا، سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کی جان و مال کی حفاظت صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبائی بجٹ کی تیاری پر بریفنگ بھی دی۔