لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک کا کہنا ہے کہ خونی لبرل وزیراعظم کے پیچھے پڑے ہیں۔
وزیراعظم کے حالیہ انٹرویو پر بات کرتے ہوئے عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ خونی لبرل ہی سب سے زیادہ خواتین کے حقوق کی پامالی کرتے ہیں اور یہ لوگ اپنے مخصوص بیان کے لیے خواتین کی کردار کشی کرتے ہیں لہٰذا خونی لبرل سے کہوں گی کہ عمران خان کے بیان کو پہلے اچھی طرح سنیں۔
انہوں نےکہا کہ وزیراعظم سے زیادہ خواتین و بچوں کے حقوق کا نا آج کسی کو احساس ہے اور نا کل ہوگا، وزیراعظم کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جارہا ہے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ زیادتی کیس کی گفتگو میں وزیراعظم نے مشرق اور مغرب کا موازانہ پیش کیا، وزیراعظم نے زیادتی کرنے والوں کیلئے سخت قانون بنائے ہیں، ریاست اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، ہمارا کام ہے کہ سخت قانون سازی کریں۔
عالیہ ملک نے مزید کہا کہ جس طرح وزیراعظم خواتین وبچوں کے تحفظ کی بات کرتے ہیں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی، مدرسے میں زیادتی کا واقعہ ہوا تو وزیراعظم نے مدرسے میں بھی اصلاحات لانے کا سوچا جب کہ موٹر وے حادثے پر بھی ہم نے کہا کہ سخت قوانین بنانے اور عمل کرانے کی ضرورت ہے۔