اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے راول پنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، منصوبہ دس ماہ میں مکمل ہوگا۔ نواز شریف نے کہاہے کہ 65 سال میں بھی ملک کی حالت نہیں بدلی ، نہ بجلی ہے نہ گیس ہے، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم دعا کرے کہ ملک کو دہشت گردی سے نجات ملے،عوام کو دیکھنا ہوگا کہ کون سی قیادت ان کی بہتری کا کام کرتی ہے،بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی کارکردگی مثالی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننے کا فائدہ ملک کوہواکہ کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ 10، 15 سال میں عوام کی بہتری کاکوئی منصوبہ شروع نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے بھی ہم نے بہت جلد مکمل کی،میٹرو بس بھی بہت جلد مکمل کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے65 سال میں ہم دوسرے ملکوں سے پیچھے چلے گئے،65 سال بعد بھی اس ملک میں نہ بجلی ہے نہ گیس، قتل و غارت،د ہشت گردی اورجہالت نے ملک میں ڈیرے ڈال لیے ہیں، ملک کی حالت دیکھ کر دل کڑھتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی اور کرپشن کی وجہ سے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث آج ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، دہشتگردی کی لہر ماضی کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ہم مارشل لا ادوار کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے شہروں میں اب تک سیوریج کا ناقص نظام ہے، آج ہم ان مسائل کے خاتمے کے بجائے ان میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔