کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ تبدیلی آئین کے دائرے میں آئے تو قبول ہو گی، وزیر اعظم کے استعفٰے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، ڈیڈ لاک تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بلاول ہاؤس میں ہونے والے پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس مین شرکت کے لئے کراچی پہنچنے پر ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ سیاست صبر کا امتحان ہوتا ہے، دونوں جماعتیں صبر سے کام لیں اور مسئلہ کا حل نکالیں، ڈیڈلاک تصادم کا سبب بن سکتا ہے۔ عمران خان نواز شریف سے استعفٰٰی مانگ رہے ہیں ، نواز شریف استعفٰے دینے پرتیار نہیں ہیں۔ وزیر اعظم کے استعفٰے کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی آئین کے دائرے میں آئے تو قبول ہوگی۔ پیپلزپارٹی سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے۔ ضرورت پڑی تو آصف علی زرداری بیچ میں پڑیں گے۔ پیپلزپارٹی نے اپنا کردار نیوٹرل رکھا ہے۔ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے کردار ادا کیا ہے۔
پیپلزپارٹی آئین اور جمہوریت کے لئے کام کرے گی پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جمہوریت کے لئے ماریں کھائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا جائے گا۔