لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد بند کرنے کی تاریخ میں رد وبدل کا اشارہ دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ خوف نہیں تو وزیر اعظم احتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں، ہمارے پاس اب سوائے سڑکوں پر آنے کے کوئی راستہ نہیں ، حکومتی دفتروں کو جانے والی سڑکوں پر بیٹھیں گے۔
اسلام آباد سے لاہور پہنچے پر ایئر پورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان نے ایک بار پھر وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ عمران خان نے کہا خوف نہیں تواحتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں ، وزیر اعظم پارلیمنٹ میں اعلان کے بعد بھی احتساب کے لیے تیار نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اب سوائے سڑکوں پر آنے کے کوئی راستہ نہیں ، حکومتی دفتروں کو جانے والی سڑکوں پر بیٹھیں گے ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ساتھیوں کے کہنے پر اسلام آباد بند کرنے کی تاریخ کل فائنل کر لیں گے، عوام کا سمندر ہمارے ساتھ ہو گا۔