اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی سینیٹ میں عدم حاضری سے متعلق ترمیم کو سینیٹ میں منظور کرلیا گیا ہے جس کے تحت وزیراعظم اب ہفتے میں ایک دن سینیٹ میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔
چیرمین نیرحسین بخاری کی زیرصدارت جب سینیٹ اجلاس شروع ہوا تو متحدہ قومی موومنٹ وزیراعظم کی جانب سے اجلاس میں پیش نہ ہونے اوردیگر اجلاسوں سے مسلسل عدم حاضری پر ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کرگئی جس کے بعد دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی اجلاس کا واک آؤٹ کیا۔
ایم کیوایم کے سینیٹر طاہرحسین مشہدی نےوزیراعظم کی ایوان بالا سے مسلسل غیرحاضری پر سینیٹ سیکرٹریٹ میں ترمیمی بل جمع کرایا جس میں مؤقف اختیار کیا گیاتھا کہ وزیراعظم ایوان کو اہمیت نہیں دے رہے اور وہ عہدہ سنھبالنے کے بعد سے آج تک اجلاس میں نہیں آئے لہذا وزیراعظم کی سینیٹ میں حاضری یقینی بنانے کے لیے قواعد میں ترمیم کرنا ہوگی۔