لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے شاد باغ میں آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں میں تاخیر پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
شاد باغ لاہور میں آگ سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی ہلاکت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امدادی کاموں میں تاخیر پر اس حوالے سے جو غفلت ہوئی ہے اس کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیر اعظم نے واقعہ کی متعلقہ اتھارٹیز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آگ پر قابو پانے والے آلات اور دوسری سہولتوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جاسکے ۔ وزیر اعظم نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی متاثرہ فیملی کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔