دمام (جیوڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی عرب کے دورے میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر دفاع خرم دستگیر، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ سعودی حکام بھی شریک تھے۔
دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب میں جاری 24 ملکی مشترکہ فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کی افواج کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ نشست پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد بھی موجود تھیں۔
سعودی عرب میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی مشقوں کو گلف شیلڈ ون کا نام دیا گیا، ان مشقوں کو مختلف ممالک کی افواج، ہتھیاروں کے نظام اور پیشہ ورانہ مہم جوئی کے حوالے سے خطے میں سب سے بڑی فوجی مشق سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز، پاک فضائیہ کے سی ون 30 اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے مشقوں کا حصہ رہے۔ مشقوں کا مقصد خطے کے ممالک کے مابین فوجی اور سیکیورٹی تعاون کو مستحکم اور روابط کا فروغ تھا۔