اسلام آباد (جیوڈیسک) نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا، شاہد خاقان عباسی یکم اگست کو قومی اسمبلی سے 221 ووٹ حاصل کر کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔
واضح رہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا، وہ گزشتہ روز پہلی مرتبہ آفس آئے جہاں پر ان کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم آفس کی میڈیا ٹیم کے سربراہ محی الدین وانی، پروٹوکول سٹاف اور دیگر متعلقہ عملہ موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کچھ ہدایات بھی دیں، مختلف شعبوں کے سربراہوں نے وزیراعظم کو بریفنگ دی، اس موقع پر ملٹری سیکرٹری، اے ڈی سی، چیف سکیورٹی آفیسرز اور دیگر حکام موجود تھے۔