اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب عمران خان کہیں گے سندھ میں تبدیلی آجائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری حکومت میں کرپشن کا ایک اسکینڈل بھی سامنے نہیں آیا، احتساب کے عمل میں تیزی آئی ہے، اوپرکی کرپشن ختم ہوگئی ہے، نچلی سطح پر کرپشن میں کمی آئی ہے، نچلی سطح پرکرپشن کاخاتمہ بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری شوگر مافیا کے لوگ ہیں، انہوں نے زراعت کو نقصان پہنچایا، دس سالوں میں لیا گیا قرضہ کہاں گیا؟ خوشی ہے زرداری صاحب کو ایک اور کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ جادوگر آدمی ہے،جب وزیراعظم عمران خان کو کہیں گے سندھ میں تبدیلی آئے گی اور جب عمران خان کہیں گے سندھ میں تبدیلی آجائے گی، کراچی کی سب سے بڑی جماعت ایم کیوایم نہیں تحریک انصاف ہے۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ پچھلے 10سالوں میں جس نےکرپشن کی سب جیلوں میں جائیں گے، جب سیاسی انٹری کا وقت تھا چوہدری نثار کڑک مرغی کی طرح بیٹھے رہے، اب ان کا وقت نکل چکا، اب ان انڈوں سے بچے نکل آئے ہیں، سیاست میں ٹائمنگ اہم ہوتی ہے، چوہدری نثار، نوازشریف اور آصف زرداری کا کوئی مستقبل نہیں ہے، یہ ماضی کا حصہ بن چکے، جب شہبازشریف لندن گئے تو مریم نواز نے پارٹی پر قبضہ کرلیا، (ن) لیگ کو توڑنے میں سب سے اہم کردار مریم نواز نے ادا کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے آنے والوں کو آشیانہ فراہم کریں گے، پی ٹی آئی صاف شفاف حکومت،کرپشن کے خاتمے اور گڈگورننس کا وعدہ پورا کرے گی۔