پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اورسابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نیکہا ہے کہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب امیدوں، مبہم وعدوں اور منصوبہ بندی نہ ہونے کی تصویر تھا۔ وزیراعظم کوپاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرعمل درآمد کااعلان کرنا چاہئے تھا۔
وزیراعظم نوازشریف کے خطاب کے بعد راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا وزیراعظم کے پاس قوم کو دینے کے لئے کچھ نہیں تھا۔ وزیراعظم نے دہشت گردوں سے مذاکرات یا طاقت کے استعمال کا کوئی واضح اعلان نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کہنا کافی نہیں، وزیراعظم کا خطاب مایوس کن تھا۔ پاک ایران گیس پائپ لائن توانائی بحران کے حل کے لئے دیگر تمام اقدامات سے زیادہ ضروری ہے۔