کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ وزیر اعظم کے نیب سے متعلق بیان سے ادارے کی کارکردگی یا کرپشن کے خلاف ایکشن متاثر ہو گا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کلفٹن کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہیں بحریہ ٹائون کے زین ملک نے مزار پر جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔
ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے نیب سے متعلق بیان میں ایسی کوئی بات نہیں جس سے ادارے کی کارکردگی یا کرپشن کے خلاف ایکشن متاثر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کی کارروائیوں کی بدولت کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتے کے واقعات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔عذیر بلوچ کی گرفتاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی میں ہونے والے انکشافات پر ایکشن ہو گا۔
بعد میں گورنر سندھ نے باغ ابن قاسم کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو پارک کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی ۔