اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم کے وطن واپس پہنچنے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے معاشی، تجارتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں جن میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے ساتھ گئے دیگر افراد نے عمرے کی سعادت بھی حاصل کی۔