وزیراعظم کا طالبان سے مذاکراتی عمل کیلئے چار رکنی کمیٹی کا اعلان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے طالبان سے مذاکراتی عمل کیلئے چار رکنی کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے، چار اراکین میں رحیم اللہ یوسف زئی، عرفان صدیقی، میجر عامر اور رستم شاہ مہمند شامل ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہو ئے وزیر اعظم نے کہا کہ امن کی خواہش کے تحت مذاکرات کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ یقین ہے کہ اگر طاقت کا استعمال کیا تو بھی پوری قوم ساتھ ہو گی۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے ہتھیار اٹھانے والوں کو مذاکرات کی دعوت دی، لیکن حکومت کی اس خیر خواہی کا مثبت جواب نہیں ملا اور مذاکرات سے انکار کیا، قوم دہشت گردی کا عذاب 14 سال سے برداشت کررہے ہیں، انسانی جان کی بہت حرمت ہے، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، جسکی اسلام بھی تعلیم دیتا ہے۔

حکومت کا فریضہ ہے کہ عوام کی حفاظت کرے، عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری اورآئین کا تقاضہ ہے، ہم نے دہشت گردی کے مسئلے پر تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت بھی کی، جس کے بعد ہم نے ہتھیار اٹھانے والوں کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، مجھے امید ہے ہماری اس خیر خواہی کا مثبت جواب ملے گا۔