اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف آج 28 دسمبر کو چشمہ نیو کلیئر پراجیکٹ تھری کا افتتاح کریں گے۔ 340 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا یہ بجلی گھر پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن اور چائنا نیو کلیئر کارپوریشن کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔
چشمہ نیو کلیئر پاور پراجیکٹ فور2017 میں مکمل ہوگا۔ ایٹمی توانائی کمیشن کے کراچی نیو کلیئر پاور پراجیکٹ کے ٹو اور کے تھری وسط مدتی ہدف ہے جس کے ذریعے 8800 میگاواٹ اضافی بجلی 2030 میں شامل ہوگی۔
پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی عالمی توانائی ایجنسی کے حفاظتی معیار کے مطابق ایٹمی توانائی کمیشن کے تمام بجلی گھروںکی منظوری دے چکی ہے جو اعلیٰ حفاظتی معیار کے حامل ہیں۔
چشمہ تھری پاکستان اور چین کے اشتراک عمل کا ایک اور سنگ میل ہے۔ اس سے نہ صرف توانائی کی قلت دور ہوگی بلکہ یہ کلین انرجی پراجیکٹ ہے۔ یہ پراجیکٹ تجارتی و صنعتی شعبوں کو بجلی فراہم کرکے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔