وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر افغانستان جائیں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

وزیراعظم نواز شریف کا دورہ کابل انکا اقتدار سنبھالنے کے بعد مجموعی طور پر نواں غیرملکی دورہ ہو گا۔ وزیراعظم کی قیادت میں جانے والے پاکستانی وفد میں مشیربرائے امور خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی شامل ہونگے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کابل میں افغان قیادت کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی جانب سے افغان امن و مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کی یقین دھانی کروائیں گے۔

ملاقاتوں میں پاک افغان دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، باڈر مینیجمنٹ، سمگلنگ خصوصا منشیات کی روک تھام کے علاوہ ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے حوالے سے بھی بات ہو گی۔

اس دوران دونوں جانب سے مفاہمتی عمل کیلیے پاکستان سے افغان طالبان کی رہائی اور 2014 میں غیرملکی افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔