وزیر اعظم ٹرمپ کو کشمیر کی اصل صورتحال بتانے کیلیے امریکا آئے ہیں، شاہ محمود قریشی

Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال سے آگاہ کرنے امریکا آئے ہیں۔

نیویارک میں میڈیا سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور بتایا کہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جا رہی، ان کے اکاؤنٹس فریز کر دیے گئے ہیں جواب میں وزیراعظم نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کام کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اگلی ملاقات افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد سے ہوئی جس میں زلمے خلیل زاد نے طالبان سے مذاکرات کے بارے میں بتایا، اسی طرح سینیٹر لنزے گراہم سے بھی وزیراعظم کی ملاقات ہوئی، سینیٹر لنزے گراہم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر صدر ٹرمپ کو خط لکھا ہے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی آواز بلند کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس کو بھی مقبوضہ کشمیر میں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، ریڈ کراس سے آج نشست ہونی ہے جس میں اس سے پوچھیں گے کیا رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج 11 رکنی کشمیری وفد سے بھی نشست ہوگی، کشمیری رہنماؤں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال معلوم کریں گے، یہ بھی پوچھیں گے وہ ہم سے کیا توقعات رکھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے وہ یہاں آئے ہی اس لیے ہیں کہ ٹرمپ کو کشمیر کی اصل صورتحال بتائیں، یہ دنوں یا ہفتوں کی لڑائی نہیں، انسانی اور مذہبی آزادی کے لیے کام کرنے والوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، بہت سارے ہندوستانی سمجھتے ہیں 5 اگست کا اقدام آئین کی خلاف ورزی ہے، دنیا دیکھے کہ کشمیر کے حقوق پر ہیوسٹن میں ایک جلسہ منعقد ہوا جس میں ہزاروں کشمیری، انسانی حقوق کے کارکن اور سکھوں نے احتجاج کیا۔

افغان مسئلے پر انہوں نے کہا کہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں یہ مسئلہ سیاسی طریقے سے حل ہوگا اگر مذاکرات دوبارہ شروع نہ ہوئے تو امن میں خلل پڑ سکتا ہے افغانستان کا مسئلہ حل کرنے کے لیے افغانوں کو بیٹھنا ہوگا، ہمارا کردار ایک سہولت کار کا تھا جس پر زلمے خلیل زاد نے بھی ہمارے تعمیری کردار کو سراہا۔

نیویارک میں وزارت خارجہ کی طرف سے قائم کردہ میڈیا سینٹر کے افتتاح کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قیام کا مقصد نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کی کوریج کے لیے تشریف لائے ہوئے صحافیوں کو سہولت فراہم کرنا اور معلومات کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔