لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم ہاؤس کے لئے چودہ کروڑ روپے کی بلٹ پروف گاڑیوں اور سراغ رساں کتوں کی خریداری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وزیراعظم کے غیر ضروری اخراجات کے حوالے سے سوال کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولت تک میسر نہیں مگر وزیراعظم ہاؤس کے لئے کروڑوں روپے کی نئی گاڑیاں اور سراغ رساں کتے خریدے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار فیروز شاہ گیلانی کی لائرز فاونڈیشن رجسٹرڈ نہیں جس کی بناء پر درخواست ناقابل سماعت ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم رجسٹرڈ نہیں ہے مگر درخواست گزار فیروز شاہ گیلانی تو پاکستانی ہیں۔
ہر پاکستانی شہری کو عدلیہ سے رجوع کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو اعتراضی پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔