اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی کا کہنا ہے جو لوگ وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ نہ دیں انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔
سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کے بعد اپوزیشن کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں لہذا وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آج صدر مملکت ڈاکٹر علوی کے حکم پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے تاہم حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ممبران قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ آج حق اور سچ کی جیت کا دن ہے۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو اتنا نوازا ہے کہ ڈر اور خوف ان کے پاس سے نہیں گزرتا۔
ووٹ نہ دینے والے اراکین کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ آج سب سامنے آ جائے گا، جو بھی اس میں ملوث ہے اسے نشان عبرت بنایا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اور اتحادیوں سمیت 16 اراکین نے یا تو مخالف امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا تھا یا پھر ان کا ووٹ مسترد ہو گیا تھا جو حفیظ شیخ کی شکست کی وجہ بنی۔