لاہور (جیوڈیسک) اپنے بیان میں صدر مملکت ممنون حسین نے واہگہ بارڈر پر دہشتگردی کے واقعہ میں معصوم شہریوں کی شہادت کو بڑا سانحہ قرار دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔
نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بھی سانحہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے دھماکے کو پاکستانیت پر حملہ قرار دیا۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، گورنر سندھ عشرت العباد، گورنر خیبر پختونخوا، سردار مہتاب احمد خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی دہشتگردی کی شدید مذمت کی۔