اسلام آباد (جیوڈیسک) پیر کے روز قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے رواں سال 9 غیر ملکی دورے کیے جن پر 11 کروڑ 44 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔
وقفہ سوالات میں جواب دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے بتایا کہ اس وقت دنیا کے 28 ممالک میں ہمارا مشین ریڈایبل پاسپورٹ استعمال ہو رہاہے جبکہ 75 ممالک میں یہ اسکیم لاگو نہیں،دسمبر 2015 کے بعدنان مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس قابل قبول نہیں ہونگے، بیرون ملک ایک غیر پاکستانی کوعارضی پاسپورٹ کے اجرا کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
روس کے صدر جلد پاکستان کادورہ کرینگے وزیراعظم نوازشریف نے انہیں دورے کی دعوت دی ہے جوا نھوں نے قبول کررکھی ہے،وزیرتجارت نے بتایاکہ رواں سال میں درامدی بل34 بلین امریکی ڈالرہے اورمذکورہ مدت کے دوران تجارتی خسارہ16.1 بلین امریکی ڈالر ہے۔
عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ فاٹا میں واپس جانے والے اندرون ملک نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی اب تک ایجنسی وارکل تعداد 1,91,183 ہے۔
وزیر ٹیکسٹائل نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران کاٹن کی اوسط درآمدات 170 کلوگرام کی1.77ملین گانٹھیں302000 میٹرک ٹن ہیں، ساجداحمد کے سوال کے جواب میں وزیرتجارت خرم دستگیر نے بتایا کہ سال2012,13 کے مقابلے میں سال 2013,14 کے دوران پاکستان کی برآمدات میں2.75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔