اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ اور وزیر اعظم آفس کے درمیان کھینچاتانی کے باعث چیئرمین نادراکی تقرری کا معاملہ لٹک گیا، وزیر اعظم آفس کے من پسند کی تقرری کے طریقہ کار پراسٹیبلشمنٹ نے بھی سوال کھڑے کردیے۔
وزارت داخلہ اپنے سیکریٹری کے ذریعے نادرا کو کنٹرول کرنیکی پالیسی کی حامی ہے، وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے 69 سالہ سربراہ رٹائرڈکرنل سیف الدین قریشی کے بیٹے عمرسیف کو چیئرمین نادرالگانے کیلیے گرین سگنل دیا۔
جس پر وزارت داخلہ نے اسٹیبلشمنٹ کے طے قواعد کو پس پشت ڈالتے ہوئے اشتہارجاری کیا جوعمرسیف کی موجودہ اہلیت کے مطابق تھا جو اس وقت چیئرمین انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈہیں۔
وزارت داخلہ نے اس عہدے پر تقرر کیلیے اشتہار کا مراسلہ 12 مارچ 2014 کو منظوری کیلیے اسٹیبلشمنٹ کوبھجوایا تھا تاہم مراسلہ کاجواب 18 مارچ کو دیا گیا اور اشتہار کے مسودے پراعتراض کرتے ہوئے کئی خامیوں کی نشاندہی کی مگر وزارت داخلہ نے تمام اعتراضات رد کردیے۔