کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر گئے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی امریکی ریاست ٹیکساس کے سانتا فی ہائی اسکول میں طالب علم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے سبیکا کے اہل خانہ سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے ہمراہ گورنر سندھ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے اہل خانہ سے سبیکا کی ناگہانی موت پر گہرے رنج، دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم سبیکا کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے اور اللہ تعالیٰ سبیکا کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، ایسے رجحانات پر قابو پانے کے لیے اصل وجوہات تلاش کرنے اور ان اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے جب کہ بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کی بھی ضرورت ہے۔