وزیر اعظم کوئی بادشاہ نہیں ہوتا، راجہ پرویز نے من مانے اندز میں فنڈز تقسیم کیے: سپریم کورٹ

Raja Pervez

Raja Pervez

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کوئی بادشاہ نہیں عوام کا ایک منتخب نمائندہ ہوتا ہے۔ سابق وزیراعظم پرویز اشرف نے بادی النظر میں من مانے انداز میں ترقیاتی فنڈز کا استعمال کیا۔ کہتے ہیں بیورو کریسی آئین کے مطابق کام کرے تو گڈ گورننس لاسکتی ہے۔

سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم پرویز اشرف ترقیاتی فنڈ کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں سابق وزیراعظم نے من مانے انداز میں فنڈ تقسیم کیے گزشتہ حکومت آئنی مدت پوری کر رہی تھی اس لیے وزارت خزانہ کو بھی محتاط رہنا چاہیے تھا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ بیوروکریسی اگر آئین کے مطابق کام کرے تو گڈ گورننس لا سکتی ہے۔

وزیراعظم کوئی بادشاہ نہیں عوام کا ایک منتخب نمائندہ ہوتا ہے۔ پانچ ہزار ایسی سکیمیں ہیں جن پر پیپرا قواعد نہیں اپنائے گئے۔ ترقیاتی فنڈ صرف اپنوں کو خوش کرنے کے لیے استعمال نہیں کیے جاتے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ ایمرجنسی یا قدرتی آفات کی صورت میں فنڈز کے استعمال سے متعلق قواعد میں ردوبدل ہوسکتا ہے تاہم عام حالات میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال بارے قواعد سے روگردانی نہیں کی جاسکتی۔