وزیر اعظم کو بطور وزیر خارجہ طلب کیا جائے گا، حاجی عدیل

Haji Adeel

Haji Adeel

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین حاجی عدیل نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ کا قلمدان بھی وزیر اعظم کے پاس ہے، کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کو بطور وزیر خارجہ طلب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ دفترخارجہ دو حصوں میں تقسیم ہے، آدھا عملہ سرتاج عزیز اور آدھا طارق فاطمی کے ساتھ ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس سینیٹر حاجی عدیل کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین حاجی عدیل نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کے قلمدان ہیں، لیکن وہ کمیٹیز کے اجلاسوں میں نہیں آتے، انہیں وزیر خارجہ کی حیثیت سے آئندہ اجلاس میں طلب کیا جائے گا۔ حاجی عدیل نے کہا کہ وزیر اعظم کی عدم دستیابی کے باعث وزارت خارجہ کے حکام ان سے بطور وزیر خارجہ رہنمائی حاصل نہیں کر سکتے، دفترخارجہ دو حصوں میں تقسیم ہے۔

آدھا عملہ سرتاج عزیز اور آدھا طارق فاطمی کے ساتھ ہے،دفترخارجہ تقسیم ہونے کے باعث بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے غیر فعال ہیں، جس کی شکایت کئی ممالک بھی شکایت کرتے ہیں۔ کمیٹی نے وزارت خارجہ کے حکام سے کہا کہ پاکستانی پارلیمانی وفد آذر بائیجان جائے گا جہاں وہ صدارتی الیکشن کے دوران بطور مبصر کام کرے گا، اس دورے کی تیاری کیلئے اقدامات کیے جائیں۔