لندن (جیوڈیسک) شہزادہ چارلس اور ڈیانا کا چھوٹا بیٹا شہزادہ ہیری امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شادی کی تقریب میں چھ سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا، ڈیوڈ بیکھم، جارج کلونے اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں تاہم کسی سیاسی شخصیت کو مدعو نہیں کیا گیا۔
شہزادہ ہیری اپنے بیسٹ مین شہزادہ ولیئم کے ہمراہ سینٹ جارج چیپل پہنچے، دونوں بھائی مکمل فوجی یونیفارم میں ملبوس تھے۔
شہزادہ ہیری کی دلہن میگھن مرکل اپنی والدہ کے ہمراہ رولز روئس فینٹم گاڑی میں تشریف لائیں، ان کا گاؤن اسی انداز کا تھا جو شہزادی ڈیانا نے اپنی شادی میں پہن رکھا تھی۔ ملکہ الزبتھ ڈیوک آف ایڈنبرا کے ہمراہ آئیں، وہ لائم لیمن سوٹ اور ہیٹ میں ملبوس تھیں۔ تقریب کا آغاز Song of Solomon سے کیا گیا جسے شہزادی ڈیانا کی بہن لیڈی جین نے پڑھ کر سنایا۔
شاہی جوڑے نے سینٹ جارج چیپل چرچ میں زندگی بھر ساتھ نبھانے کے عہد وپیمان کیے اور رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
شادی کے بعد شہزادہ ہیری کو ڈیوک آف سسیکس اور میگھن مرکل کو ڈچز آف سسیکس کا خطاب دیا گیا۔شاہی شادی میں دنیا بھر چھ سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا، تاہم کسی سیاسی شخصیت کو دعوت نہیں دی گئی۔ مہمانوں میں بالی وڈ اداکارہ، پریانکا چوپڑا، انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم، اور جارج کلونے شریک تھے۔