برطانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) شہزادہ ہیری نے برطانیہ میں پولیس سکیورٹی نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کر لیا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہزادہ ہیری نے برطانیہ میں سکیورٹی اخراجات کی پیشکش کے باوجود برطانوی حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار پر عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ امریکا سے اپنے آبائی ملک انگلینڈ جانا چاہتے ہیں لیکن ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
شہزادہ ہیری کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ہیری اپنے سکیورٹی انتظامات کے اخراجات خود اٹھا نا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں شہزادہ کی نجی سکیورٹی ٹیم کے پاس بیرون ملک مناسب دائرہ اختیار نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس برطانیہ کی انٹیلی جنس معلومات تک رسائی ہے۔
نمائندے کے مطابق ایک عدالتی نظرثانی کا دعویٰ ستمبر میں دائر کیا گیا تھا تاکہ برطانوی حکومت کے سکیورٹی کے طریقہ کار کے پیچھے فیصلہ سازی کو چیلنج کیا جا سکے۔
نمائندے کے بیان میں مزید کہا ہے کہ جولائی میں برطانیہ کے ایک مختصر دورے کے دوران ہیری کی سکیورٹی پر پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے سمجھوتہ کیا گیا جس کی وجہ سے ایک پروگرام سے نکلتے وقت کئی فوٹوگرافرز نے ان کا تعاقب کیا تھا۔
تاہم اب سکیورٹی کے بغیر شہزادہ ہیری اور ان کے اہل خانہ برطانیہ نہیں جاسکتے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ شہزادہ کی سکیورٹی سخت اور مناسب ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ 2020 میں شاہی فرائض سے دستبرداری کے بعد شہزادہ ہیری کوپولیس سکیورٹی نہیں دی گئی۔وہ شاہی خاندان چھوڑ کر امریکا منتقل ہوگئے تھے۔