ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے شاہی خاندان کے ارکان ، وزراء، مذہبی شخصیات ، دانشوروں اور عام شہریوں نے حال ہی میں مقرر ولی عہد دوم شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز سے اظہار وفاداری کرتے ہوئے ان کی بیعت کر لی ہے اور انھیں نئے منصب پر فائز ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ حلف برداری کی پروقار تقریب سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہی محل میں منعقد ہوئی ہے جس میں زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس میں شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز نے حلف لیا اور سعودی ارباب اقتدار وسیاست اور علم ودانش نے ان سے بیعت کے ذریعے اظہاروفاداری کیا۔ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے جمعرات کو ایک شاہی فرمان جاری کیا تھا جس کے تحت شہزادہ مقرن کو موجودہ ولی عہد شہزادہ سلمان کا جانشین مقرر کیا گیا ہے اور وہ یہ منصب خالی ہونے کی صورت میں سعودی عرب کے آئندہ ولی عہد ہوں گے۔