کینیڈا (جیوڈیسک) شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ ہفتے کے روز اپنے دوسرے سرکاری دورے پر کینیڈا پہنچے ہیں۔
برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین مڈلٹن آٹھ روزہ سرکاری دورے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کینیڈا پہنچے ہیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ہے۔
یہ ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج کا پہلا سر کاری دورہ ہے۔ ان کےدونوں بچے تین سالہ شہزادہ جارج اور سولہ ماہ کی شہزادی شارلیٹ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
کینیڈا کے شاہی دورے پر شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ ملک کے مغربی حصوں یوکون ،برٹش کولمبیا ،وینکور ،بیلا بیلا ،بیدا گوائی اور وائٹ ہارس جائیں گے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ ہفتےکے روز اپنے دوسرے سرکاری دورے پر کینیڈا پہنچے ہیں۔ جہاں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ سوفی گریگوار ٹروڈو کی طرف سے برٹش کولمبیا کے فوجی ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔
شہزادی کیٹ اس موقع پر نیلے رنگ کے لباس میں ملبوس تھیں۔ انھوں نے سر پرخوبصورت میچنگ ہیٹ پہن رکھا تھا اور میپل پتی کا ایک بروچ لگایا ہوا تھا جبکہ ان کی گود میں شہزادی شارلیٹ تھیں اور شہزادہ ولیم ولی عہد شہزادے جارج کا ہاتھ تھامے ہوئے تھے۔
ملکہ برطانیہ کوئین الزبیتھ کے دوسرے جانشین شہزادے ولیم کا کینیڈا کا یہ تیسرا سرکاری دورہ ہے اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ دوسری بار کینیڈا کے دورے پر آئی ہیں۔ شاہی جوڑے نے اپنی شادی کے فورا بعد 2011 میں کینیڈا کا دورہ کیا تھا۔
آٹھ روزہ دورے کے پہلے روز شاہی جوڑے نے برٹش کولمبیا کی قانون ساز اسمبلی میں سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کی جہاں شاہی جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔
تقریب میں شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ کا استقبال مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کیا گیا اور انھیں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی ہے۔
اخبار مرر کے مطابق شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ نے مداحوں کی والہانہ محبت کا مسکراتے ہوئےجواب دیا۔ اس دوران شاہی جوڑا لوگوں کے ساتھ گھل مل گیا اور ان کے ساتھ بات چیت میں وقت گزارا ۔
انھوں نے وکٹوریہ میں یادگار پر پھول چڑھائے اور ملک کے لیے جان دینے والوں کچھ دیر کی خاموشی اختیار کی جس کے بعد برطانوی شاہی جوڑے نے کینیڈا کی گولڈن بک اور برٹش کولمبیا کی معزز زائرین کی کتاب پر دستخط کئے۔
ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج تقریب کے بعد کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ سوفی کے ساتھ ایک نجی ملاقات بھی کی۔
سرکاری دورے کے دوران وہ گورنمنٹ ہاوس میں قیام کریں اور اتوار کے روز شاہی خاندان وینکور کے لیے روانہ ہوجائے گا۔
آٹھ روزہ دورے پر وہ 30 سے زیادہ مصروفیات اور تقریبات کے سلسلے میں ملک کا دورہ کریں گے جس میں قبائلی برادریوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی شامل ہیں ان کا دورہ اکتوبر کی پہلی تاریخ کو اختتام پزیر ہوجائے گا۔