بڑی تعداد میں بھارتی پائلٹس کاک پٹ میں جاتے وقت نشے کی حالت میں ہوتے ہیں، رپورٹ

Planes

Planes

نئی دلی (جیوڈیسک) اگر آپ بھارت میں سفر کر رہے ہیں تو احتیاط کیجیئے گا کیونکہ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق بھارت کی 2 مصروف ترین ایئرلائنز کے پائلٹس کی ایک بڑی تعداد کاک پٹ میں جاتے وقت نشے کی حالت میں ہوتی ہے جو کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

بھارت کی سول ایوی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 2015 میں ملک بھر کے 43 پائلٹس کے خون کے نمونوں میں الکوحل کی موجودگی پائی گئی جو کہ گزشتہ 3 سالوں میں سب سے بڑی تعداد ہے۔ سول ایوی ایشن کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ جیٹ ایئرویز اور انڈیا گو کے پائلٹس نشے کی حالت میں پائے گئے، رواں برس بھی اب تک 13 پائلٹس کاک پٹ میں جانے سے قبل نشے کی حالت میں پائے جا چکے ہیں۔

سول ایوی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 2013 سے اب تک بھارت کی دوسری بڑی ایئرلائن جیٹ ایئرویز کے 38 پائلٹس کاک پٹ میں جاتے وقت نشے کی حالت میں پائے گئے جب کہ اسی دورانیے میں انڈیا گو کے 25 پائلٹس نشے کی حالت میں پکڑے گئے۔

دوسری جانب جیٹ ایئرویز اور انڈیا گو کے حکام کا کہنا ہے کہ کاک پٹ میں جانے سے قبل تمام پائلٹس کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے اور اگر کسی پائلٹس کے خون میں نشہ آور ادویات کے نمونے ایک خاص مقدار سے زیادہ پائے جائیں تو اس کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی بھی کی جاتی ہے۔