نجی بینک، کمپنی کے دفاتر اور بنگلے میں آتشزدگی

Fire

Fire

کراچی (جیوڈیسک) شارع فیصل اور بہادر آباد میں نجی بینک، کمپنی کے دفاتر اور بنگلے میں آتشزدگی کے واقعات میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شارع فیصل نزد نرسری اسٹاپ کے قریب پروگریسو اسکوائر میں آتشزدگی کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی دو گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق آگ مذکورہ اسکوائر کے تیسرے فلور پر قائم نجی بینک کے دودفاتر میں لگی تھی جس کی لپیٹ میں ایک کمپنی کا دفتر بھی آگیا، آتشزدگی کے واقعات میں تینوں دفاتر کے کمپیوٹر، فرنیچر اور اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ یہ معلوم ہوسکا ہے کہ آگ بینک یا کمپنی کے دفتر میں لگی، کولنگ کا کام مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کے بارے میں معلوم ہوسکے گا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بہادر آباد کے علاقے آدم جی نگر امیر خسرو روڈ پر واقع بنگلے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اس ضمن میں اے ایس آئی غلام رسول نے بتایا کہ آگ بنگلے کے دو کمروں میں لگی تھی، آتشزدگی کے واقعے میں دونوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔