نجی چینل اور نوائے وقت گروپ پر حملہ نہایت گھٹیا حرکت اور کھلی جارحیت ہے: اشرف آصف جلالی

لاہور: سربراہ ادارہ صراطِ مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ نجی چینل اور نوائے وقت گروپ پر حملہ نہایت گھٹیا حرکت اور کھلی جارحیت ہے۔یہ میڈیا اور آزادی صحافت پر ڈرون حملہ ہے۔ دہشت گرد میڈیا کو دبا کر اپنے ظلم وستم کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں۔

طالبان کی طرف سے ایف سی کے 23 اہلکاروں کے قتل کی ذمّہ داری قبول کرنے کے بعد غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔دہشت گردی کے ناسور کو پھیلنے کا مزید موقع دینا اجتماعی خُود کشی ہے۔آپریشن کے بغیر ملک بچانا ممکن نہیں رہا۔مزاکرات کے سوداگروں نے قوم کو لاشوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام دارغہ والا میں مختلف شہروں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزاکراتی عمل کے دوران کچھ علماء کا کردار نہایت شرمناک ثابت ہوا ہے۔ کل جو علماء طالبان کی ملک و قوم کے خلاف جنگ کو خُفیہ ہاتھ کی کارووائی کرار دیتے تھے آج ان علماء نے طالبان سے جنگ بندی کی اپیل کرکے قوم سے اپنے فراڈ کا اقرار کرلیا ہے۔

افسوس ناک اَمر یہ ہے کہ طالبان کی طرف سے نہایت ظالمانہ کاروائیوں کی ذمّہ داری قبول کرنے کے باوجود بھی انکے حامیوں کا پھر کسی اور خُفیہ ہاتھ کے پلڑے میں سارافساد ڈالنا نہایت افسوس ناک ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ملکی سالمیت کے خلاف متحرک ہاتھ کاٹ دیا جائے۔