پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اضافی کوٹہ مل گیا

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) پرائیویٹ حج آپریٹرز کو 3 ہزار حاجیوں کا اضافی کوٹہ مل گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تین روز سے احتجاج کرنے والے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو 40 کی بجائے 42 فیصد کوٹہ لینے پر راضی کرلیا۔ اسلام آباد حکومت اور حج ٹور آپریٹرز کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو رواں سال مزید تین ہزار عازمین کا کوٹہ مل گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سرکاری کوٹہ کم نہیں کیا جائے گا۔

حج کوٹہ سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کے زیر صدارت چار رکنی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حج ٹور آپریٹرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں اسحاق ڈار نے تین روز سے احتجاج کرنے والے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو 40 کی بجائے 42 فیصد کوٹہ لینے پر راضی کرلیا۔

اس طرح ریگولر سکیم کے تحت 83 ہزار کے قریب عازمین حج پر جاسکیں گے۔ مذاکرات کے بعد ذرایع سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حج ٹور آپریٹرز کو 57 ہزار کی بجائے 60 ہزار عازمین حج بھجوانے کا کوٹہ دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ سال انہیں 12 ہزار کا کوٹہ زیادہ دے گی۔ چیئرمین پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز نے کہا کہ انہیں درخواستیں جمع کرنے کے لیے 30 رمضان تک وقت ملا ہے۔ ادھر ٹور آپریٹر رواں سال اب 43 ہزار کی بجائے 46 ہزار عازمین کو حجاز مقدس بھیج سکیں گے۔