اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد واپس پہنچنے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔ عمران خان اور شیخ رشید کے مابین ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کو بھیجے گئے ٹی او آرز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ٹی او آرز پر حکومتی ردعمل کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کل ہونے والے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس پر بھی گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب کپتان نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے واپس آتے ہی حکومت پر ایک اور حملہ بھی کیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے الزام لگایا کہ مری ہاؤس میں سارک کانفرنس کیلئے وزیر اعظم کے ذاتی گھر کی تزئین و آرائش کیلئے 43 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ کپتان نے کہا کہ شریف خاندان پہلے بھی ذاتی رہائشگاہوں پر سرکاری رقم خرچ کرتا رہا ہے۔