اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے وزرائے تعلیم کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کر دیا۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنے کا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔
ایک بیان میں کاشف مرزا نےکہا کہ اسکولز کھولنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دینے کے لیے لیگل سیل قائم کر دیا گیا ہے جب کہ رکاوٹوں کی صورت میں لانگ مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس اوپیز کے تحت دیگر شعبوں کی طرح اسکولز بھی کھولے جائیں، ملک بھر میں ساڑھے7 کروڑ طلباء و طالبات اپنےآئینی حق سے محروم ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھرکے تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو ہی کھولے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں۔