پرائیویٹ سیکٹر فروغ تعلیم کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے : حاجی عمران ظفر
Posted on June 14, 2013 By Noman Webmaster گجرات
گجرات : پرائیویٹ سیکٹر فروغ تعلیم کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، سرکاری تعلیمی اداروں کے شانہ بشانہ پرائیویٹ سیکٹر جس انداز میں کام کر رہا ہے قابل تحسین ہے ، ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی حاجی عمران ظفر نے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی سکول سسٹم شیر ربانی کیمپس گجرات کی تقریب تقسیم انعامات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جس کی صدارت شہزاد شفیق نقشبندی نے کی ، انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا فوکس ہی فروغ تعلیم ہے، سابقہ پانچ سالہ دور میں جتنی کاوشیں فروغ تعلیم کیلئے کی گئیں، ان کی مثال نہیں ملتی ، ذہین بچوں کیلئے لیپ ٹاپ اور سولر سسٹم کے تحائف پیش کیے گئے ، اب بھی حکومت فروغ تعلیم کیلئے منفرد اقدامات کرے گی ،انہوں نے کہا کہ گجرات کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔
جو حکومت کے شانہ بشانہ کوشاں ہیں ، مجھے اسلامک انٹرنیشنل سکول سسٹم کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، بچوں نے منظم انداز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے میں تمام طلباء و طالبات جنہوں نے انعامات حاصل کیے ہیں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ یہ بچے مزید محنت سے کام کرتے رہیں گے۔
شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ آج کے بچے کل کے حکمران ہوتے ہیں ، اس لیے ہمیں چاہیے کہ بچوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقعے فراہم کریں تا کہ یہ بچے صحیح معنوں میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے کام کر سکیں ، اس سلسلہ میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی سکول سسٹم شیر ربانی کیمپس گجرات کے پلیٹ فارم سے کام جاری ہے۔