نجی شعبے کو معاشی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کو معاشی ترقی و استحکام کا انجن تصور کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت ایس ایم ایز اور نجی شعبے کو مناسب ماحول کی فراہمی کیلیے کوشاں ہے۔

جمعہ کو معاشی ترقی کے حوالے سے مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قومی آبادی کے 65 فیصد نوجوان طبقے کو روزگار کی فراہمی کے چیلنج کا سامنا ہے جو صرف نجی شعبے کی ترقی سے ممکن ہے جو ملکی اقتصادی ترقی کے انجن کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت نے ویژن 2025 کے تحت نجی شعبے کی ترقی کیلیے روڈ میپ تیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلیے کام کر نے کی ضرورت ہے تا کہ برآمدات کے روایتی تصور کو ختم کیا جاسکے، روز بروز بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کی ضروریات کو پورا کر نے کیلیے ہمیں برآمدی شعبے کے فروغ اور بہتری کیلیے اقدامات کر نا ہوں گے۔