مجوزہ نجکاری کے فیصلہ کیخلاف گیپکو ڈویژن وزیرآباد کے سینکڑوں ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کی

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) مجوزہ نجکاری کے فیصلہ کیخلاف گیپکو ڈویژن وزیرآباد کے سینکڑوں ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کی، دفاتروں میں ویرانیوں کا عالم۔ ممکنہ نجکاری کے فیصلہ کیخلاف گیپکو کے ہزاروں ملازمین نے اسلام آباد کا رخ کیا ان میں گیپکو ڈویژن اور شہری سب ڈویژنوں کے علاوہ احمد نگر سب ڈویژن، گکھڑ سب ڈویژن اور احمد نگر سب ڈویژن کے بھی ملازمین شامل تھے۔ نجکاری کے فیصلہ قومی اداروں کی بربادیوں کا فیصلہ ہے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے اور حکمران اپنے ذاتی مفادات کی خاطر قومی اداروں کو دائو پر لگا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاتر میں کام کی غرض سے آنے اور خالی دفاتر دیکھ کر واپس جاتے ہوئے شہریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محمد یونس نے کہا کہ جب سے واپڈا کو کمپنیوں میں تقسیم کیا گیا ہے واپڈا کی کارکردگی میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ اب ادارہ کی نجکاری سے اس کا بیڑہ غرق ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری کی بجائے ادارہ کی بہتری کیلئے کام کرے۔محمد عثمان نے کہا کہ واپڈا کی نجکاری سے عوامی مسائل میں مزید اضافہ ہوگا اور آنے والے وقت میں ثابت ہوجائے گا کہ حکمرانوں کا یہ فیصلہ بھی غلط رہا۔تحریک انصاف کے رہنمااحمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ نجکاری کا رستہ ترقی کے رستہ کی ضد ہے واپڈا کی نجکاری سے ادارے کی رہی سہی ساکھ بھی تباہ ہو کر رہ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ برادران حکومت اور ان کے ساتھی ذاتی مفادات کے علاوہ کچھ بھی نہیں دیکھ رہے۔