ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سے مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے باکس آفس پر انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان سے مقابلے پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
شاہ رخ خان کو اداکاری ہی نہیں بلکہ باکس آفس پر راج کے باعث بھی کنگ کہا جاتا ہے جب کہ بڑے بڑے نامور اداکار ان کی فلموں کے ساتھ باکس آفس پر مقابلے کرنے سے کتراتے ہیں تاہم اب پریانکا چوپڑا بھی کنگ خان سے باکس آفس پر مقابلے کے باعث پریشان ہیں۔
شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’دل والے‘‘ اور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی نئی آنے والی فلم ’’ باجی راؤ مستانی‘‘ رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز ہوں گی جس پر اداکارہ پریانکا چوپڑا نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ کرسمس کے موقع پر شاہ رخ خان کی فلم کے ساتھ اپنی فلم کی ریلیز پر پریشان ہوں تاہم ریلیز کے حوالے سے کچھ بھی میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔