پریانکا چوپڑا نے پنجابی فلموں میں کام کی خواہش ظاہر کر دی

Priyanka Chopra

Priyanka Chopra

نئی دہلی (جیوڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ وہ اتنی کامیاب نہیں ہیں کہ ان پر فلم بنائی جائے۔ ایک انٹرویو میں پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں اور ہر کردار کو بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ اگر انہیں پنجابی فلموں میں کام کرنے کی کوئی اچھی آفر ہوئی تو وہ اسے ضرور قبول کرینگی کیونکہ پنجابی سینما بھی اس وقت بھارت میں مقبول حاصل کررہا ہے اور وہاں معیاری فلمسازی ہورہی ہے۔ پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ وہ معمولی چیزوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیا کرتیں اور وہ ابھی اتنی کامیاب نہیں ہوئیں کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے۔ پریانکا ان دنوں اپنی نئی فلم میری کوم کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں۔

دریں اثنا ہدایتکار زویا اختر کی نئی فلم دل دھڑکنے دومیں راہول بوس اور پریانکا چوپڑا شادی شدہ جوڑے کے کردار میں نظر آئیں گے جن کی زندگی ایک مشکل دور سے گزر رہی ہوتی ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑتے رہنا ان کا معمول بن جاتا ہے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں رنویر سنگھ، انوشکا شرما، فرحان اختر اور انیل کپور شامل ہیں۔ فلم اگلے سال جون میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔