ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امریکی ٹاک شو کی میزبانی کی پیشکش کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی سیریل کوائنٹیکو کی کامیابی کے بعد امریکی ٹیلی ویڑن نیٹ ورک ’’اے بی سی‘‘ نے دیسی گرل پریانکا چوپڑا سے ایک مشہور ٹاک شو کی میزبانی کے لیے رابطہ کرلیا ہے۔
اس سلسلہ میں اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بالی وود اداکارہ پریانکا چوپڑاکو امریکی ٹی وی سیریل ’’کوائنٹیکو‘‘ میں ان کے ایف بی آئی کی ایجنٹ کے کردار پر زبردست رسپانس مل رہا ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’’اے بی سی‘‘ نے اپنے ایک مشہور ٹاک شو کے لیے ان سے معاہدہ کرنے کے لیے رابطہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹی وی سیریل ’’کوائنٹیکو‘‘ کے پروڈیوسرز نے لوگوں کے زبردست رسپانس ملنے پراس سیریل کی اقساط 13 سے بڑھا کر 19 کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع نے اداکارہ کے ٹاک شو میں کام کی حامی بھرنے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پریانکا چوپڑا کو ٹاک شو کا آئیڈیا بہت پسند آیا ہے مگر وہ ان دنوں ٹی وی سیریل ’’کوائنٹیکو‘‘کی شوٹنگز میں مصروف ہیں اور ان کا معاہدہ چھ ماہ تک کام کرنے کا ہے۔
وہ دسمبر میں فارغ ہوکر سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی اپنی نئی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ کی تشہری مہم میں حصہ لینے کے لیے بھارت آئیں گی اور اس دوران وہ فلم ’’گنگا جل‘‘ کے سیکوئل ’’جے گنگا‘‘ کے لیے اپنے سین عکس بند کروائیں گی تاہم انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی ٹاک شو کے لیے فارغ تاریخیں دیکھ کر آگاہ کردیں گی۔