ممبئی (جیوڈیسک) کہتے ہیں کہ بالی وڈ میں کوئی کسی کا دوست نہیں ہوتا اور دو ہیروئنوں کی رقابتوں کے قصے تو بہت سنے ہیں لیکن دوستی کی مثال شاید ہی ہو۔
دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا بالی وڈ کی دو بڑی اور کامیاب اداکارائیں ہیں جنھوں نے انڈیا ہی نہیں ہالی وڈ میں بھی اپنی ایک پہچان بنا لی ہے۔ اس کام میں پہل پریانکا نے کی اور امریکی ٹی وی سیریئل کوانٹکو سے ہالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھا اور اب وہ بے واچ میں نظر آئیں گی۔ تو دپیکا ٹرپل ایکس سے ہالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں۔
ایسے میں ان کا موازنہ کیا جانا بھی لازمی ہے اور ان کے درمیان پروفیشنل مقابلہ یا سرد جنگ کی باتیں بھی میڈیا میں گردش کرتی ہیں۔ حال ہی میں ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں دپیکا نے کہا کہ ان کے اور پریانکا کے درمیان موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ جب پریانکا مس ورلڈ بنی تھیں تو وہ سکول میں تھیں۔
اب میڈیا نے دپیکا کے انٹرویو کے اس حصے کو تو خوب سرخیوں میں شامل کیا لیکن یہ نہیں لکھا کہ کس طرح دپیکا نے واضح کیا کہ انڈسٹری میں آنے کا دونوں کے وقت، حالات، راستے اور واقعات مختلف تھے اس لیے ان کا موازنہ درست نہیں۔ دپیکا نے یہ بھی کہا کہ ان کے اور پریانکا کے درمیان کوئی دشمنی نہیں ہے۔