لاہور: جماعت اہلسنت پاکستان نے کہا ہے کہ مسائل قرآن و سنت کے نفاذ کے بغیر حل نہیں ہو سکتے ۔سیاسی ٹکراؤاور تصادم سے مسائل میں بہتری آنے کی بجائے الجھاؤ پیدا ہو گا۔ قرآن و سنت کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ملک بھر میں رابطہ عوام مہم کو چلایا جائے گا۔
جمعہ کے روز لاہور ڈیفنس میں”تحریک عزت رسول” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت لاہور کے ناظم اعلیٰ مفتی ظفر جبار چشتی، لاہور کے امیرسید شمس الدین بخاری،مولانا علامہ اشرف علی سعیدی،قاری نذیر احمد قادری اور محمداسلم نواز قادری سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں کہا حضور کی سیرت پاک پر عمل پیرا ہوکرمعاشرے کو دہشت گردی اورانتہا پسندی جیسے مسائل سے چھٹکارا دلایا جاسکتا ہے۔
نبی آخرالزماں کی تعلیمات تمام بنی نوع انسان کو امن و آشتی، عدل و انصاف پوری انسانیت کو بھائی چارے، یگانگت، اخوت، محبت اورامن کادرس دیتی ہیں اورایک ایسا پرامن معاشرہ تشکیل دیا جس کی دنیا کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔