لاہور (پ ر) صوبہ سندھ’ بلوچستان’ خیبرپختونخواہ’ گلگت بلتستان’ آزاد جموں و کشمیر سے آئے ہوئے مطالعاتی دورے پر طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک تقریب مون لائٹ سکول نسبت روڈ لاہور میں منعقد کی گئی۔
مون لائٹ سکول سسٹم کے چیئرمین ادیب جاودانی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان دہشت گردی’ انتہاء پسندی’ توانائی’ بحران’ بے روزگاری’ جہالت’ غربت اور کرپشن سمیت دیگر مسائل کا شکار ہے۔
ان مسائل سے نجات حاصل کرنے کا واحد حل ملک کی نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی سے ہم دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں اور پڑھے لکھے نوجوان ہی مستقبل کے چیلنجر کا بخوبی مقابلہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی ہی سے ملک دہشت گردی’ جہالت اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے ہمیں ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں اور اس مقصد کو پیشہ وارانہ ذمہ داری سے زیادہ قومی فرض سمجھنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے علم کے ذریعے ہی امن بھائی چارہ محبت کی شمع کو روشن اور دہشت گردی کو ختم کرنا ہے۔ علم انبیاء کی میراث ہے علم ہی سے انسان بہتر بن سکتا ہے۔