مسائل کے دیر پا حل کیلئے ہونہار نوجوانوں کی افرادی قوت کو آئوٹ ریچ پروگرام کا سرگرم حصہ بنا دیا ہے، ڈاکٹر اقرار

فیصل آباد : زرعی یونیورسٹی فیصل آباد دیہی عوام خصوصاً انڈسٹری کو درپیش مسائل کے دیرپا حل کیلئے ہونہار نوجوانوں کی افرادی قوت کو آئوٹ ریچ پروگرام کا سرگرم حصہ بناد یا ہے تاکہ ان کے عملی کردار سے نہ صرف فی ایکڑ زرعی پیداواریت میں اضافے کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے بلکہ دیہی معاشرت و معیشت میں بھی بہتری لائی جا سکے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی میں تعینات ٹنور ٹریک اساتذہ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں میرٹ اور مسابقتی بنیادوں پر باصلاحیت اور محنتی اساتذہ کو پرکشش و مراعاتی پیکیج کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ دوسرے اساتذہ اور سائنس دانوں میں بھی پیشہ وارانہ بہتری کی اُمنگ بیدار کی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کیلئے ٹنور ٹریک سسٹم صرف مشاہرہ میں اضافے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ محنتی اور باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی اور توقیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کو سالانہ جائزہ رپورٹ میں بہتری اور تحقیقی اہداف کے حصول کیلئے مزید محنتی کرنا ہوگی تاکہ پیشہ وارانہ امور میں بہتری اور ترقی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے تناظر میں سائنس دانوں اور حکومتوں کو نہ صرف پیداوار میں اضافہ کی ٹیکنالوجی کو رواج دینا ہو گا بلکہ بعد از برداشت ان کی موثر مارکیٹنگ پربھی کنٹرول کرنا ہوگا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ اپنے مضامین کی خاطر خواہ تعداد کو طلبہ کیلئے آن لائن دستیاب کریں تاکہ نوجوان آئی ٹی سہولیات کی بدولت گھر بیٹھے اپنے علم و ہنر میں اضافہ کر سکیں۔