کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر کے کیمپ آفس میں کھلی کچہری میں عوام نے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ،لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ سمیت پانی سیوریج اور بلدیاتی مسائل کی شکایتوں کے انبار لگا دیئے ۔کھلی کچہری میں رکن قومی اسمبلی ساجد احمد اور وفاقی محتسب اعلیٰ ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین اور کے الیکٹرک کے افسران بھی موجود تھے اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے عوامی شکایت سنتے ہوئے کہاکہ بنیا دی مسائل کے حوالے سے کراچی کے شہری شدید اضطراب کا شکار ہیں اور حکمرانوں کو اس کی کوئی فکر نہیں انہوں نے کہاکہ مسائل میں اضافہ کرکے حکومت شہریوں پر ظلم بند کرے ورنہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے MNAساجد احمد نے کے الیکٹرک کے اعلیٰ۔
افسران سے کہاکہ وہ اپنا قبلہ درست کریں عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ،لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے کھلی کچہری میں عوام نے کے الیکٹرک سمیت بلدیاتی مسائل کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی کو درخواستیں پیش کی اس موقع پر ساجد احمد نے یقین دلایا کہ مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائوں گاانہوں نے کے الیکٹرک اور بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اس موقع پر وفاقی محتسب کے ریجنل ایڈوائزر محمد یامین نے کہاکہ وفاقی محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی کی ہدایت پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لئے عملی کوششوں میں مصروف ہیں انشا اللہ منتخب نمائندوں اور اداروں کے تعائون سے مسائل کے حل کے ساتھ شہریوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائیگا۔